لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں طوفان بادوباراں سے 8 افراد جاں بحق، کئی زخمی ہوگئے۔ خیبرایجنسی میں برساتی ریلے میں 4 افراد بہہ گئے اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ سوات، مری اور گلیات میں بھی بارش ہوئی۔
مئی میں موسم بدلا، آندھی کے ساتھ تیز بارشوں نے تباہی مچا دی۔ باجوڑ ایجنسی میں طوفان بادوباراں میں مکان کی دیوار گرنے اور مدرسے کی چھت منہدم ہونے سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ امدادی سرگرمیوں میں فوج کے جوانوں کو بھی طلب کر لیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرایجنسی میں بارش کے ریلے میں 4 افراد بہہ گئے۔ ریلے میں بہنے والے 2 افراد کار میں سوار تھے۔ تمام ایجنسیوں میں طوفان سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ دیگر ایجنسیوں میں جانی نقصان کی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ خیبرایجنسی، ملاکنڈ اور بٹ خیلہ میں بھی بارش ہوئی۔
سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ مری گلیات میں رم جھم کے بعد سیاہ بادل چھائے رہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور مظفرآباد میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، لاہور میں گرد آلود ہوائیں چلیں اور کہیں کہیں بوندا باندی ہوئی۔
سندھ اور جنوبی پنجاب کے زیادہ ترعلاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات نے چند روز تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔