لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش جبکہ لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا، سوات میں بھی ژالہ باری ہوئی، مری، گلیات میں بھی موسم سہانا ہے۔
اسلام آباد میں صبح سویرے کالی گھٹائیں چھائیں پھر بادل برسے اور کھل کر برسے، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلیں تو گرمی اُڑن چھو ہوگئی جس سے جڑواں شہروں کے باسیوں کا موڈ بھی خوشگوار ہوگیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی باد لوں نے ڈیرے جمالئے، سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کے بعد موسم حسین ہوگیا۔ گلیات میں بھی رم جھم کے بعد سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں۔
لاہور میں صبح سویرے گرد آلود ہوائیں چلنے کے بعد مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے گرمی کی شدت وقتی طور پر کم کر دی، مگر محکمہ موسمیات کے مطابق سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی دن بھر جاری رہے گی۔ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان بھی ہے اور سورج بھی خوب تپش پیدا کرے گا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے گلگت بلتستان، کشمیر، کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ اتوار کو بھی خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر، کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔