جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما تاحیات نااہل قرار

Last Updated On 23 May,2018 06:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ن لیگ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی شوکت عزیز بھٹی کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔ شوکت عزیز بھٹی کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم۔

حکومت کی مدت مکمل ہونے سے محض ایک ہفتے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی ڈگری کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی راجا عزیز بھٹی کو تاحیات نا اہل قرار دے دیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی جانب سے جاری 32 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ ‘راجا شوکت عزیز بھٹی آئین کے آرٹیکل 62 (ون)(ایف) کے منافی قرار پائے ہیں جس کی بنیاد پر انہیں صوبائی اور پارلیمنٹ کا ممبر بننے پر تاحیات پابندی عائد کی جاتی ہے’۔

راجا عزیز بھٹی نے کاغذات نامزدگی میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یونیورسٹی آف پنجاب سے بی اے کی ڈگری حاصل کی تاہم ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تصدیق کی کہ مذکورہ ڈگری شوکت عزیز شیخ کو تفویض کی گئی تھی ناکہ راجا عزیز بھٹی کو۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ‘راجا عزیز بھٹی کی جانب سے وکٹوریہ کالج آف ٹیکنالوجی اینڈ ای کامرس کا ڈپلومہ جمع کرایا گیا جو بی اے کی ڈگری کے برابر نہیں ہے’۔

 

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے شوکت عزیز بھٹی کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دیا تھا۔ شوکت عزیز بھٹی 2013 کے انتخابات میں گجرخان کے صوبائی حلقے سے رکن اسمبلی سے منتخب ہوئے تھے۔ شوکت عزیز بھٹی کی اہلیت کو میجرر افتخارگیلانی نے چیلنج کیا تھا۔