کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے گئے 32 ٹن بی پی ٹگ کی پاک بحریہ کے حوالے کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔
اس 32 ٹن بی پی ٹگ کی لمبائی 32 میٹر جبکہ وزن 481 ٹن ہے۔ اس کی انتہائی رفتار 12 ناٹیگل میل ہے اور اس میں دو ڈیزل انجن اور دو آزیمتھ تھرَسٹر نصب ہیں۔ یہ تمام اطراف سے پاک بحریہ کے تمام سائز کے جہازوں کے ساتھ ٹگنگ آپریشن کی صلاحیت رکھنے والے انتہائی مضبوط فینڈرز کے ساتھ لیس ٹگ ہے۔
اس موقع پر خطاب میں مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ یہ ٹگ جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کا ایک مظہر ہے۔ انہوں نے جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ پبلک سیکٹر کی چند صنعتوں میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ دہائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قومی میری ٹائم سیکٹر کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے مقامی صنعتوں کے فروغ کے لیے مزید مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر کی صنعتوں مثلاً شپ یارڈ کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہیے اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کر کے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔