شہباز شریف کا ہتک عزت کا دعویٰ، عمران خان کے وکیل کو بحث کیلئے آخری موقع

Last Updated On 25 May,2018 09:42 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) سیشن کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے ہتک عزت کے دعویٰ پر پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے وکیل کو بحث کا آخری موقع دیتے ہوئے کارروائی 12 جون تک ملتوی کر دی۔

 

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر بحث نہ کی گئی تو قانون کے مطابق فیصلہ سنایا جائے گا۔ ایڈیشنل سیشن جج ممتاز انجم نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو عمران خان کے وکیل بابر اعوان پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کیا اور کہا کہ اگر بابر اعوان پیش نہیں ہو رہے تو درخواست کا قانون کے مطابق فیصلہ کر دیتے ہیں۔

بابر اعوان کے جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بابر اعوان اسلام آباد میں مصروف ہیں۔ آئندہ سماعت پر بابر اعوان سیشن کورٹ میں پیش ہو کر بحث مکمل کردیں گے۔ عدالت آج کی مہلت فراہم کرے جس پر عدالت نے بابر اعوان کے جونیئر وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کہا اگر آئندہ سماعت پر بحث نہ کی گئی تو قانون کے مطابق فیصلہ سنایا جائے گا۔ شہباز شریف نے پاناما لیکس پر دس ارب رشوت کی پیشکش کے بیان پر عمران خان کیخلاف دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔