لاہور (دنیا نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے عناصر سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کا 5 سالہ دور ترقی، خوشحالی اور شفافیت سے عبارت ہے،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی،عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے عناصرسیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ کامزید کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی کے عوام بھی معترف ہیں۔ ہم نے عوام کی خدمت کی جبکہ سیاسی مخالفین نے عوام کو مایوس کیا ہے۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ترقیاتی کام اپنی مثال آپ ہیں۔ ترقیاتی کاموں میں اربوں روپے کی بچت کا کریڈٹ شہباز شریف کی جاتا ہے۔