کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کل سے زیادہ گرمی آج پڑے گی، سمندری ہوائیں منقطع ہونے کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ سمیت صوبہ بلوچستان کے تمام علاقوں میں موسم بدستور گرم ہے، تربت میں پارہ 37 درجے تک پہنچ گیا۔
شہر قائد میں گرمی کا راج، سمندر کنارے کراچی میں سمندری ہوائیں ہی بند ہو گئیں۔ ہیٹ ویو کے دوسرے روز صبح کے اوقات میں ہی پارہ 41 ڈگری عبور کر گیا تھا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ گرمی کی حالیہ لہر کل تک جاری رہے گی تاہم جمعہ سے موسم معمول پر آ جائے گا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ، قلات میں 16، دالبندین میں27، گوادرمیں31، جیونی میں30، لسبیلہ میں 32، نوکنڈی اورپنجگورمیں 29، پسنی میں 32، تربت میں 37 اور ژوب میں 27 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبےمیں آیندہ 24 گھنٹوں کےدوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔