کراچی میں ہیٹ ویو ختم، سمندری ہوائوں نے گرمی بھگا دی

Last Updated On 25 May,2018 11:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایک ہفتے بعد سمندری ہواوں نے موسم کی سختی کو کم کر دیا، درجہ حرارت میں کمی سے ہیٹ ویو ختم اور روزہ دار شہریوں کی جان میں جان آئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز تک شہر میں بہتر موسم رہنے کی نوید سنائی ہے۔

تپتی دھوپ، حبس اور شدید گرمی کا زور ٹوٹا تو کراچی میں ہیٹ ویو ختم ہو گئی۔ سمندری ہوائیں ایسی چلیں کہ کئی روز تک 43 سے 44 جانے والا درجہ حرارت گزشتہ روز 37 پر آ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی پارہ 40 کو عبور نہیں کرے گا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 تک رہنے کا امکان ہے۔ موسم کی سختی ختم ہونے پر شہریوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ گرمی کی لہر تو ختم ہو گئی لیکن کراچی والے شہر میں بارش کے منتظر ہیں۔