کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلی سندھ انسپکشن ٹیم کے چیرمین عبدالسبحان میمن و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے نیب حکام کو جواب داخل کرانے کے لئے 28 اگست تک مہلت دے دی۔
سندھ ہائی کورٹ میں وزیراعلی سندھ انسپکشن ٹیم کے چیئرمین عبدالسبحان میمن اور دیگر کے خلاف جاری نیب انکوائری کے معاملے پر سماعت ہوئی. عدالت کو نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی مکمل کر کے نیب کے اسلام آباد ہیڈ آفس بھجوا دی گئی ہے۔ چیرمین نیب کو ملزمان کے خلاف انکوائری بند کرنے سے متعلق بھی لکھ دیا گیا ہے، چیرمین نیب کی منظوری کے بعد جواب داخل کرایا جائے گا لہزا انہیں مہلت دی جائے۔
عدالت نے معاملے پر نیب حکام کو جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے ملزم عبدالسبحان اور دیگر کی ضمانتوں میں بھی 28 اگست تک توسیع کردی۔ واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ انسپکشن ٹیم کے چیرمین عبد السبحان میمن و دیگر پر حیدرآباد میں رفاعی پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔