اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی ملی جلی رہی۔ معیشت اور توانائی کے محاذ پر حکومت نے اہم کامیابیاں حاصل کیں تو کئی شعبوں میں اسے سخت چیلنجز درپیش رہے۔
ماہرین کے مطابق حکومت ملک کو معاشی اور توانائی کے بحران سے نکالنے میں قابلِ قدر حد تک کامیاب رہی۔ حکومت کو کئی محاذوں پر سخت چیلنجز کا بھی سامنا رہا۔ خارجہ محاذ پر حکومت کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ ڈالر روپے کو روندتا ہوا بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ اندرونی اور بیرونی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا جو آئندہ حکومت کے لئے بڑا چیلنج ہو گا۔
نواز لیگ نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی تاریخی آئینی ترمیم پاس کرائی، تاہم پانچ سالہ دور میں قومی اسمبلی کے کورم کا مسئلہ درد سر بنا رہا۔ چار سال وزیرِاعظم رہنے والے نواز شریف ایوان سے اکثر غیر حاضر رہے۔
اب عام انتخابات کا بگل بج چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشنز میں کامیابی حاصل کرے گی۔ یہ دعویٰ صحیح ہے یا غلط؟ فیصلہ 25 جولائی کو ہو گا۔