لاہور: 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری

Last Updated On 01 June,2018 04:53 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) گرمی کی شدت میں اضافے سے بجلی کی طلب بڑھ گئی جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

شارٹ فال میں اضافے سے لیسکو کو لوڈ مینجمنٹ میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث لاہور میں بجلی کی 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

گرمی کی شدت بڑھتے ہی لیسکو کی بجلی کی طلب 4300 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ لیسکو کو 3500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ بجلی کی طلب و رسد کا فرق 800 میگاواٹ تک بڑھنے سے لیسکو کو لوڈ مینجمنٹ میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس کے باعث 275 سے زائد فیڈرز کو کئی گھنٹے تک بند رکھا گیا۔

لیسکو نے لائن لاسز کے تناسب سے مختلف علاقوں میں 2 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا ہے مگر شیڈول کے برعکس مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

گلشن راوی، سمن آباد، راج گڑھ، شاہدرہ، کریم پارک، راوی روڈ، جوہر ٹاﺅن اور نشتر ٹاﺅن سمیت متعدد علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی بند رہی۔ واسا کے ٹیوب ویل نہ چلنے کے باعث علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

 

Advertisement