لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے نگران وزیرِاعلی کے معاملہ پر حتمی پیش رفت کا امکان، حکومت نے پی ٹی آئی کے دو ناموں کو تسلیم کرنے کو عندیہ دیدیا۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی نے محمود الرشید سے ملاقات میں دو ناموں میں سے ایک کو فائنل کرنے کی آفر دیدی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت ناصر درانی اور یعقوب طاہر اظہار کے ناموں پر متفق ہونے کو تیار ہے۔ رانا ثنا اللہ اور رانا محمد اقبال نے دونوں شخصیات کے ناموں کو تسلیم کیا ہے۔
میاں محمود الرشید کی جانب سے رانا محمد اقبال اور رانا ثنا اللہ سے ملاقات میں معاملات طے ہوئے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے مشاورت کے بعد میاں محمود الرشید اتوار کو شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف سے ملاقات میں ایک نام پر نگران وزیرِاعلی کے لئے اتفاق ہو جائے گا۔