کاغذات نامزدگی فارم کالعدم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس جاری

Last Updated On 02 June,2018 12:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کاغذات نامزدگی میں ترمیم کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں نیا نامزدگی فارم اے اور فارم بی تیا رکرنے پرغور ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اہم اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کی روشنی میں نیا نامزدگی فارم اے اور فارم بی تیار کرنے پر غور ہوگا۔ نیا فارم بننے سے نامزدگی فارم وصولی کی تاریخوں میں ردو بدل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ریٹرننگ افسران ملک بھر میں آج کاغذات نامزدگی بھی وصول اور جاری نہیں کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی اصلاحات کمیٹی میں نئے فارم کی مخالفت کرتا رہا، لیکن پارلیمنٹیرینز نے الیکشن کمیشن کے اعتراضات رد کرتے ہوئے فارم تیار کیا۔

صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد نے کہا کہ نامزدگی فارم میں ترمیم اور حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے سے متعلق عدالتی فیصلے موصول ہو چکے ہیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو متعدد ہدایات دی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نیا نامزدگی فارم بنانا ہے یا پرانے میں ترامیم کرنی ہیں اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔

شیڈول میں تاخیر سے متعلق سوال پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ کچھ کہنا قبل از وقت ہے، اجلاس میں اسی حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔
 

Advertisement