اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2018ء کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن 25 جولائی کو ہوں گے، دو سے چھ جون تک کاغذات نامزدگی جمع، 14 جون تک سکروٹنی اور 29 جون کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا میڈیا سے گفتگو میں بتانا تھا کہ ہم نے شیڈول آئین وقانون کے مطابق جاری کیا ہے، الیکشن 25 جولائی 2018ء کو ہی منعقد ہونگے۔ کل ریٹرننگ افسر پبلک نوٹس جاری کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سے 6 جون تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ 7 جون کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ 14 جون تک امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی کی جائے گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو شائع کی جائے گی۔ 29 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف 19 جون تک اپیلیں دائر ہو سکیں گی۔ ٹربیونل ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کو 26 جون تک نمٹائیں گے۔
دنیا نیوز کے مطابق عام انتخابات 2018ء کے بیلٹ پیپرز کیلئے برطانیہ اور فرانس سے سیکیورٹی پیپر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں ہو گی۔ عام انتخابات کیلئے 21 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔