لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا جناح اور شیخ زید ہسپتال کا دورہ، مریضوں اور لواحقین کی شکایتیں سنیں، ہسپتال انتظامیہ کو علاج اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایات کیں۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے جناح ہسپتال اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹرز سمیت گرلز ہاسٹل اور نرسنگ ہاسٹل کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین نے عدم سہولیات پر شکایات کے انبار لگا دیئے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے صورتحال پر شدید اظہارِ برہمی کیا۔
دوسری جانب چیف جسٹس نے شیخ زید ہسپتال میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجہ بارے دریافت کیا۔
شیخ زید سے روانگی پر بوڑھی خاتون نے چیف جسٹس کو سر پر ہاتھ رکھ کر دعائیں دیں۔ چیف جسٹس نے بوڑھی خاتون کو گاڑی میں بٹھا کر انکی التجا سنی۔