جنگلہ پشاور میں تحریک انصاف کے گلے کا پھندا بن گیا: شہباز شریف

Last Updated On 05 June,2018 11:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگلہ پشاور میں تحریک انصاف کے گلے کا پھندا بن گیا، پشاور کا حال دیکھ لیں، کیا یہ لوگ پاکستان کو ترقی دیں گے، سندھ کا تو اللہ ہی حافظ ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہماری حکومت کی آئینی مدت ختم ہو چکی ہے، نگران وزیراعلیٰ کے فیصلے کے بعد میں آزاد ہو جاؤں گا۔ انہوں نے کہا بجلی کی دستیابی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، مجھ پر ایسے الزام لگائے گئے جن کا کوئی سر پیر نہیں، سی پیک کے تحت توانائی شعبہ میں سرمایہ کاری اہم کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا 31 مئی تک پاکستان میں سب سے کم لوڈ شیڈنگ رہی، کراچی میں آپریشن کا فیصلہ پولیٹیکل لیڈر شپ نے کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا قیام امن کے حوالے سے بھی بڑی پیش رفت کی ہے، آج کراچی میں امن قائم ہے، عمران خان نے کہا تھا پورے پاکستان کو بجلی میں خود کفیل کر دوں گا، پی ٹی آئی نے کے پی میں مائنس 6 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کے پی حکومت بتائے، انہوں نے تعلیم کے شعبے میں کیا کیا ؟ 4 لاکھ فری لیپ ٹاپ میرٹ پر طلباء کو دیئے، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 20 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کیا، پنجاب میں ساڑھے چار ہزار اسکول فعال کئے، 200 نئے کالج، 19 یونیورسٹیاں بنائیں.

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پنجاب کے 17 اضلاع میں ہیلتھ کارڈ متعارف کرایا، ہم نے عوام کو بہترین پبلک ٹرانسپورٹ دی، اورینج لائن پروجیکٹ میں تحریک انصاف نے تاخیر کرائی، بہت ظلم کیا۔ انہوں نے کہا سستا اور باوقار ٹرانسپورٹ سسٹم نہ ہو تو قوم ترقی نہیں کر سکتی، پی ٹی آئی پانچ سال جنگلہ جنگلہ کرتی رہی، اب خود جنگلہ کو گلے لگا لیا۔ تحریک اںصاف کی کون سے پلاننگ ہے، کیا یہ لوگ پاکستان کوترقی دیں گے، الزامات کا جواب کام کر کے دیا، قوم نے خود موازنہ کر دیا، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، پی ٹی آئی نے صرف کیڑے ہی نکالے۔