محکمہ خزانہ پنجاب نے این اے 122 کے 56 کروڑ 46 لاکھ روک لئے

Last Updated On 05 June,2018 09:21 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ خزانہ نے لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ترقیاتی کاموں کیلئے 56 کروڑ 46 لاکھ کے فنڈز روک لیے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کو مانتے ہوئے پنجاب محکمہ خزانہ نے فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سپیشل ڈویلپمنٹ فنڈز سے اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کیلئے ایک ارب چھیالیس کروڑ روپے کے فنڈز مانگے تھے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فنڈز منظور کر کے محکمہ خزانہ کو فنڈز جاری کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔

محکمہ خزانہ نے نوے کروڑ جاری کر دیئے تھے لیکن باقی ماندہ بجٹ جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے نوٹ جاری کیا ہے کہ صوبائی اور قومی حکومتیں اپنی مدت پوری کر چکی ہیں اور نگران سیٹ اپ کے بعد اب کسی بھی طرح فنڈز جاری نہیں ہو سکتے۔