لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مسلم لیگ (ن) اپنے 4 نام تجویز کر دیئے، جن میں سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، سابق سربراہ پاک بحریہ ذکا اللہ، جسٹس ریٹائرڈ سائر علی اور بیوروکریٹ طارق ڈوگر کے نام شامل ہیں۔
پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے لئے ن لیگ اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، دونوں جانب سے چار چار نام سامنے آگئے، سابق اپوزیشن لیڈر صلاح مشورے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ مسلم لیگ ن بھی پیچھے نہیں رہی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی ڈٹ گئے اور چار نام دے دیئے۔
پی ٹی آئی نے چار نام دیئے جن میں ایاز امیر، ڈاکٹر حسن عسکری، اوریا مقبول جان اور یعقوب اظہار شامل ہیں۔ اس سے پہلے سابق آئی جی کے پی کے ناصر درانی اور سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر کھوسہ کا نام سامنے آیا پھر کچھ عرصہ طارق کھوسہ کا نام بھی اپوزیشن لیتی رہی۔ پہلے ناصر کھوسہ نے معذرت کی پھر ناصر درانی نے بھی انکار کر دیا۔
سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا دعویٰ ہے کہ اتوار کی شام تک ان کی ملاقات وزیرا علیٰ شہباز شریف سے ہو جائے گی اور معاملہ ضرور حل ہو جائے گا لیکن ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کی جانب جائے گا۔