اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ (ن) نے چوہدری نثار کو قومی اسمبلی کے دو ٹکٹ اور صوبائی اسمبلی کے چار ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں این اے 59، این اے 63 اور ان حلقوں میں صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر ٹکٹ دیئے جائیں گے۔
شہباز شریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار پارٹی کے سینئر رہنما ہیں اگرچہ وہ ناراض ہیں لیکن انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی اس لئے انہیں عام انتخابات کے لئے ٹکٹ دیئے جائیں گے، ان حلقوں میں صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ چوہدری نثار کی صوابدید پر ہوں گے۔ انہیں پارٹی ٹکٹ گھر پہنچائے جائیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے مقابلے میں ن لیگ نے اپنے مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این اے 123 سے ملک ریاض (ن) لیگ کے امیدوارہوں گے۔ حمزہ شہباز این اے 124 جبکہ مریم نواز این اے 125 سے الیکشن لڑیں گی، این اے 126 سے میاں مرغوب، این اے 128 سے شیخ روحیل اصغر، ایازصادق این اے 129، خواجہ احمد حسان این اے 130 سے (ن) لیگ کے امیدوار ہوں گے۔
سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق این اے 131 سے، این اے 133 سے زعیم قادری، شہبازشریف این اے 134 سے الیکشن لڑیں گے ، این اے 135 سے (ن) لیگ کے سیف الملوک کھوکھر امیدوار ہوں گے ، این اے 136 سے افضل کھوکھر (ن) لیگ کے امیدوار ہوں گے۔ ن لیگ کی جانب سے ابھی این اے 127 اور 132 کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔