اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیشِ نظر مختلف شہروں سے چلنے والی پانچ سپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی عید سپیشل ٹرین 12 جون کو کراچی سٹی سے دن گیارہ بجے روانہ ہوکر خانیوال، فیصل آباد، سرگودھا، لالہ موسیٰ، ملکوال، راولپنڈی، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10 بجکر 30 منٹ پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔ دوسری ٹرین کوئٹہ سے 12 جون دن 11 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہو کر جیکب آباد، ملتان کینٹ، خانیوال، لاہور سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 8 بجے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ تیسری ٹرین کراچی کینٹ سے 13 جون صبح 11 بجے روانہ ہو کر رحیم یار خان، خانیوال ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 10 بجے لاہور پہنچے گی۔
چوتھی ٹرین راولپنڈی سے 14 جون صبح سات بجے روانہ ہو کر اٹک سٹی، جنڈ، داؤد خیل، کوٹ ادو، مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اسی رات 10 بجکر 30 منٹ پر ملتان کینٹ پہنچے گی۔ پانچویں سپیشل ٹرین ملتان کینٹ سے 19 جون صبح سات بجے روانہ ہو کر کوٹ ادو، مظفر گڑھ، کندیاں، داؤدخیل، جنڈ، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اسی روز رات 10 بجکر 15 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ مسافروں کے رش کو مدِنظر رکھتے ہوئے معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی۔
سپیشل ٹرینوں کے کرایوں کا شیڈول کچھ یوں ہوگا۔ پہلی سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کراچی سے ملکوال 1480 روپے اور کراچی سے پشاور تک 1860 روپے ہوگا۔ دوسری سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کوئٹہ سے راولپنڈی سے 1540 روپے، اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 3550 روپے اور اسے سی بزنس کلاس کا کرایہ 4420 روپے ہوگا۔ تیسری سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کراچی سے لاہور 1430 روپے ہوگا۔ چوتھی سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ راولپنڈی سے ملتان 980 روپے ہوگا۔ پانچویں سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ ملتان سے راولپنڈی تک 980 روپے ہوگا۔