اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم ناصرالملک نے توانائی کے شعبے میں نقصان پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزارت توانائی صورتحال پر قابو پانے کیلئے جامع پلان بنائے جس سے آئندہ منتخب حکومت بھی فائدہ اٹھا سکے۔
نگران وزیراعظم ناصر الملک کی زیرصدارت توانائی سے متعلق اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم کو توانائی کی پیداوار اور ترسیل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا 2013 میں بجلی کی پیداوار 18753 میگاواٹ تھی، اب بجلی کی پیداواری صلاحیت 28 ہزار 704 میگاواٹ ہے۔ پانی کی کمی اورسخت موسم کے باعث ہائیڈل سے پیداوار انتہائی کم ہو گئی ہے۔ مئی 2015 میں ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار 6333 میگاواٹ تھی جو کہ اب 3090 میگا واٹ ہے۔
حکام نے بتایا کہ رمضان المبارک میں لوڈ منیجمنٹ پلان پرسختی سے عملدرآمد کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے وفاق صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ توانائی کے شعبے کے نقصانات پر قابو پانے کی ہدایت کر دی۔