اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کل حلف اٹھائیں گے، ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں صدرمملکت ممنون حسین ، ناصرالملک سے حلف لیں گے، تقریب حلف برداری 11 بجے شروع ہوگی، جس میں اعلیٰ حکومتی، سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔
یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد کیا۔ جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے۔ اُنھیں 1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994 میں اُنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔
جسٹس ناصر الملک کو 2004 میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس جبکہ ایک سال کے بعد سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 6 جولائی 2014 سے 16 اگست 2015 تک چیف جسٹس رہے، جو پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس تھے۔ جسٹس ناصر الملک کی بطور چیف جسٹس تقرری نواز شریف نے کی تھی۔