لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے انتخابات میں سر اٹھا کرعوام کے پاس جائیں گے، مخالفین نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر کےعوام کو دھوکا دیا، مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔
شہباز شریف سے سینیٹر چودھری تنویر اور ن لیگ سندھ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر لیگی رہنما شاہ محمد شاہ اور سینیٹر سلیم ضیاء کا کہنا تھا سندھ کے عوام ترقی اور خوشحالی کے لئے آپ کی ولولہ انگیز قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں، شہبازشریف نے عوام کی خدمت کے لئے دن رات ایک کر کے لوگوں کے دل موہ لئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ن لیگ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، کراچی سمیت سندھ اپنی بربادی پر نوحہ کناں ہے، انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کو لاہور اور پنجاب بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور رہا ہے، آج پنجاب کے عوام کو وہ سہولتیں میسر ہیں جو ان کا حق ہیں۔