لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقہ مال روڈ پر پلازے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے لاکھوں مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ لاہور کے ریگل چوک کے قریب مال روڈ کے ایک پلازے میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے الیکٹرانکس اور موبائل پارٹس کی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اور فائر بریگیڈز کی آٹھ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ سے پندرہ سے زائد دکانیں جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔ دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی۔