لاپتہ سماجی کارکن گل بخاری گھر پہنچ گئیں، بات چیت سے گریز

Last Updated On 07 June,2018 09:04 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا ) لاہور شیر پاؤ پل سے منگل کے روز پراسرار طور پر لاپتہ ہونیوالی سماجی کارکن اور تجزیہ کار گل بخاری گھر واپس پہنچ گئیں۔

ذرائع کے مطابق نجی چینل سے وابستہ تجزیہ کار اور سماجی کارکن گل بخاری منگل کے روز ٹاک شو سے واپسی پر اپنے ڈرائیور کے ہمراہ گھر جا رہی تھیں کہ سرور روڈ پر شیر پاؤ پل کے نزدیک چند گاڑیوں میں سوار افراد انہیں گاڑی سے اتار کر لے گئے تھے۔

مغویہ کے ورثا، معروف وکیل اور سماجی کارکن حنا جیلانی مقدمہ درج کروانے تھانہ سرور روڈ پہنچے۔ تاہم چند گھنٹے بعد ہی وہ اپنے گھر واپس پہنچ گئیں لیکن انہوں نے کسی بھی میڈیا نمائندے سے بات کرنے سے گریز کیا۔ گل بخاری کی واپسی کے بارے میں پولیس کے اعلیٰ حکام نے بھی تصدیق کی ہے۔