محکمہ موسمیات نے ملک میں خشک سالی کا الرٹ جاری کر دیا

Last Updated On 07 June,2018 02:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک میں خشک سالی کا الرٹ جاری کردیا۔ پاکستان میں موسم سرما کی بارشیں کم ہونے کے باعث ملک کے بعض حصے خشک سالی کا شکارہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ موسم گرما میں مون سون کی بارشیں اچھی نہ ہوئیں تو مزید حالات بگڑ جانے کا خدشہ ہے۔ معمول سے کم بارشوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ موسم سرما میں تو زیادہ بارش نہیں ہوئیں۔ اگر مون سون کی بارشیں بھی اچھی نہ ہوئیں تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

جنوری سے مئی تک ملک میں 45 فیصد سے بھی کم برکھا برسی، محکمہ موسمیات نے کم بارشوں کے باعث ملک میں خشک سالی کے خدشات کا اظہار کردیا۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق بارشیں کم ہونے کے باعث ملک کے کچھ حصے خشک سالی کا شکار ہیں۔ سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان متاثر ہوا۔ ڈیموں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے اور زرعی شعبوں میں پانی کے بہتر استعمال کے لئے حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔