پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Last Updated On 18 June,2018 01:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، دنیا پور میں طوفانی بارش کا پانی مارکیٹوں اور گھروں میں داخل ہوگیا۔ لاہور میں ہلکی چلنے والی ہوا سے گرمی کا احساس کم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی نوید کے باوجود اہل لاہور چھاجوں برستے مینہ کو ترستے رہے، تاہم گزشتہ روز شہر کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی پھوار کہیں رم جھم اور بادلوں کے سائبان کے باعث گرمی میں نمایاں کمی رہی۔ اہل لاہور نے عید اور ٹرو کا روز سکون سے گزارا، باغوں کے شہر میں آج تیسرے روز بھی گرمی قدرے کم ہے۔ زندہ دلان لاہور سیر سپاٹے کے پروگرام بنائے بیٹھے ہیں۔

دوسری طرف کندیاں اور چشمہ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ دریا خان اور گردونواح میں بھی ابر کرم برسنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ دنیاپور اور گردونواح میں رات بھر سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں، بازار اور گلیاں جھیل کا منظر پیش کر رہی ہیں، طوفانی بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

موسم کا حال بتانے والوں نے پشاور، مردان، کوہاٹ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ڈی آئی خان، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کی پیش گوئی ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔