این اے 245: فاروق ستار نے آر او فیصلے کو ٹریبونل میں چیلنج کر د یا

Last Updated On 22 June,2018 04:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن اپیل ٹریبونل میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے آر اوز کیخلاف حلقہ 245 سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل کی درخواست دائر کر دی گئی۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں آر اوز کے فیصلوں کیخلاف اپیل دائر کرا دی گئی، اپیل میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آر اوز نے حلقہ 245 سے میرے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے اور بتایا گیا تھا کہ آپ کیخلاف دو مقدمات ہیں، جس میں مفروری ظاہر نہیں کی گئی تھی جس بنا پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے جبکہ مقامی عدالت نے دونوں مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ہے۔

اپیل دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جب بھی اس کیس کی سماعت ہوگی مجھے امید ہے میرے کاغذات منظور ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میری کوئی جائیداد ہی نہیں ہے، بس کچھ ایسے دوست ہیں جو مدد کر دیتے ہیں، ہمارا مشن مہذب لوگوں کو آگے لانا ہے جو ناراض لوگ تھے وہ اب ایم کیو ایم میں واپس آرہے ہیں۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہماری آپس کی لڑائی سے لوگ مایوس ہوگئے تھے جو لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ ایم کیو ایم ختم ہوگئی اب وہ خود مایوس ہوں گے۔
 

Advertisement