اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا، عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ فیصلے سے سابق وفاقی وزیر کے سر پر 5 سال کیلئے الیکشن سے نااہلی کی تلوار لٹک گئی۔
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے قرار دیا ہے کہ دانیال عزیز نے ججز اور عدلیہ کی تضحیک کی، ان پر توہین عدالت کے 3 میں سے 2 الزامات ثابت ہوئے، انہیں توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے، دانیال عزیز کو تا برخاست عدالت سزا سنائی گئی جو انہوں نے چند سیکنڈ میں مکمل کر لی۔
عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما کو الیکشن سےنااہل قرار نہیں دیا تاہم قانونی ماہرین کے مطابق کسی عدالت میں پٹیشن دائر ہونے پر انہیں 5 سال کیلئے نااہل کیا جا سکتا ہے۔ دانیال عزیز مقررہ وقت پر سپریم کورٹ نہ پہنچ سکے، اس لئے فیصلہ کچھ دیر کیلئے مؤخر کر دیا گیا۔ وہ کمرہ عدالت نمبر تین میں پہنچے تو روسٹرم پر طلب کر کے فیصلہ سنایا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:دانیال عزیز توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرےخلاف 3 الزامات تھے، کچھ الزامات 8 ماہ پرانے تھے، جس لفظ پر توہین عدالت لگی وہ میں نے نہیں کہا۔ انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی، آصف زرداری، جاوید ہاشمی نے بھی سزا کاٹی، زرداری صاحب نے سزا کاٹی تو وہ ملک کے صدر بن گئے۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا یوسف رضا گیلانی کی طرح کسی عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی، میں اور میری جماعت نے ہر عدالتی حکم کی تعمیل کی، ہم نے صوبے کو مرکز کے ساتھ نہیں لڑایا۔ انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی نے جیل کاٹی اور وزیراعظم بن گئے، 1991 سے الیکشن لڑنا شروع کیا، میں نے مقامی حکومت کا نظام بنایا، مجھے کوئی پلاٹ ملا نہ پنشن کے لیے یہاں ہوں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید کی سزا
یاد رہے رواں برس 2 فروری کو سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کے ازخود ںوٹس کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ 7 فروری 2018 کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے دانیال عزیز کو وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی تھی۔
13 مارچ کو عدالتِ عظمیٰ نے دانیال عزیز کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں فردِ جرم عائد کر دی اور جسٹس مشیر عالم نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس کا فیصلہ 3 مئی کو محفوظ کیا تھا، عدلیہ مخالف بیانات پر سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے خلاف نوٹس لیا تھا۔ اس کے علاوہ توہین عدالت کیس میں سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو بھی سزا ہو چکی ہے۔