ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

Last Updated On 28 June,2018 12:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں مسلسل دوسرے روز بھی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

باغوں کے شہر لاہور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں بوندا باندی ہوئی۔ داتا کی نگری میں صبح ہی سے سرمئی بدلیوں کا راج ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج بھی بادل برسیں گئے۔

شہر بے مثل اسلام آباد میں دھوپ، چھاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کے امتزاج نے موسم سہانا بنا رکھا ہے۔ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔ بادلوں کی آنیاں جانیاں بتا رہی ہیں کہ کسی بھی پہر آسمان سے پانی چھلک سکتا ہے۔ منچن آباد شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ قصور میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

اندرون سندھ کے شہروں ٹھٹھہ اور گردونواح میں طوفانی بارش نے گرمی کو بھگا دیا، بارش کا پانی ٹھٹھہ کے شاہی بازار میں داخل ہو گیا۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے شہریوں کو زحمت رہی۔ ادھر گرمی اور ہیٹ ویو کے ستائے اہالیان کراچی کو بھی قدرت نے ریلیف پیکج سے بالاآخر نواز دیا ہے۔

گرمی میں قدرے کمی کے بعد موسم میں خاصی بہتری آ چکی ہے۔ شہر قائد میں آج سے بادل برسیس گے اور خوب جم کر برسیں گے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج اسلام آباد سمیت فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔