این اے 35 بنوں: اپیلٹ ٹربیونل نے عمران خان کو آج طلب کر لیا

Last Updated On 26 June,2018 09:57 am

بنوں: (دنیا نیوز) این اے 35 بنوں سے اپیلٹ ٹربیونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آج طلب کرلیا۔ عمران خان کے وکیل آج اپیلٹ ٹربیونل میں پیش ہونگے۔

این اے 35 کے کاغذات نامزدگی پر جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار نے اعتراض کیا تھا۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی ایک بیٹی ٹیرن بھی ہے جس کا کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں، ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان کے کاغذات منظور کئے تھے، درخواست گزار نے پشاور ہائی کورٹ بنوں بنچ سے رجوع کیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:عمران خان کو این اے 131 اور 95 سے الیکشن لڑنے کی اجازت

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 لاہور اور این اے 95 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، ایپلٹ ٹربیونل نے این اے 131 سے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیلیں خارج کر دی۔ درخواست گزاروں نے کاغذاتِ نامزدگی میں بیٹی، اہلیہ اور دونون بیٹوں کے اثاثوں کا ذکر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

این اے 95 میانوالی سے بھی کاغذات مسترد کرنے کے خلاف عمران خان کی اپیل منظور کر لی گئی۔ ایپلٹ ٹربیونل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے اعتراضات مسترد کر دئیے۔