کراچی: فوم فیکٹری میں لگی آگ بے قابو، علاقے میں دھویں کے بادل

Last Updated On 05 July,2018 01:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں فوم کی فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ہوگئی۔ فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 تفصیلات کے مطابق، کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ میں ضیا موڑ کے قریب معروف فوم بنانے والی فیکٹری میں آگ لگی۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ آگ کی شدت اتنی تھی کہ 15 گاڑیاں موقع پر پہنچیں جو تاحال آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔

فیکٹری میں آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے اسنارکل بھی پہنچا دی گئی۔ آگ لگتے ہی علاقے میں دھویں کے بادل چھا گئے۔ پولیس اور ایمبولینسز بھی موقع پر پہنچ گئے، صبح 8 بجے لگنے والی آگ پر تا حال قابو نہیں پایا گیا۔