مٹیاری: (دنیا نیوز) مٹیاری کے نواحی گاؤں بچل ڈیتھو میں ڈیتھو برادری کے دو گروپوں میں خونی تصادم، 3 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ لاشوں کو مٹیاری تعلقہ ہسپتال اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی مٹیاری زاہد حسین کے مطابق ڈیتھو برادری کے دو گروپوں میں پرانی دشمنی چل رہی تھی اور دشمنی کی وجہ ایک گروپ کے لڑکے کی دوسرے گروپ کی لڑکی سے عدالت میں پسند کی شادی تھی۔ پسند کی شادی کے بعد سے دونوں برادریوں میں شدید تنازعہ تھا، تاہم آج دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور 8 افراد کو حراست میں لے لیا۔ واقعہ میں ہونے والی شدید فائرنگ سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔