کراچی (دنیا نیوز ) موت کے خوف سے آبائی علاقہ چھوڑنے والے پریمی جوڑے کو کراچی میں بھی پناہ نہ ملی۔ سائٹ سپر ہائی وے پر غیرت کے نام پر نوجوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پسند کی شادی جرم بن گئی۔ شہداد کوٹ سے جان بچا کر آنے والا پریمی جوڑا کاروکاری کی رسم سے بچ نہ سکا۔
کراچی کےعلاقے احسن آباد میں ہوٹل پر بیٹھے بیس سالہ حمزہ پر حملہ آوروں نے گولیوں کی بارش کردی۔ مقتول حمزہ نے 10 ماہ قبل سارہ سے پسند کی شادی کی تھی۔
جان جانے کے خوف سے میاں بیوی کراچی شفٹ ہوگئے لیکن کار و کاری جیسی فرسودہ رسم کے پیروکاروں نے پیچھا نہ چھوڑا۔
مقتول کی بیوہ کا کہنا ہے اس کی دنیا اجڑ گئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس نے حملے کے خدشے کے پیش نظر مقتول کی بیوہ کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔