اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار کے ترجمان نے تحریکِ انصاف کے رہنما سرور خان کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ، لغو، بے بنیاد اور غفت مٹانے کی کوشش قرار دے دیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان چودھری نثار کا کہنا ہے کہ سرور خان کی وجہ شہرت پارٹیاں بدلنا اور بے مقصد بات کرنے میں ثانی نہ رکھنا ہے۔ تحریکِ انصاف میں شمولیت کی بات اپنی خفت مٹانے کی کوشش ہے۔ بہتر ہوتا سرور خان جھوٹ گھڑنے سے پہلے اپنی پارٹی قیادت بالخصوص عمران خان کے بیانات کا ہی جائزہ لے لیتے۔
ترجمان کے مطابق سرور خان میں اخلاقی جرات ہے تو چودھری نثار کے کہنے پر عمران خان سے ملنے والے شخص کا نام بتائیں۔ چودھری نثار نے کسی شخص کو عمران خان کے پاس بھیجا نہ ہی انھیں ایسے کسی شخص کا علم ہے۔ جب تحریک انصاف کی قیادت چودھری نثار کو کھلے عام پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے چکی ہے تو اس کے بعد کسی شخص کو اس کے پاس بھجوانے کا کیا جواز باقی رہ جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حیرت ہے میڈیا نے اس شخص کو اہمیت دی جس کیخلاف ہائیکورٹ میں جعل سازی کا کیس چل رہا ہے۔ سرور خان کی سیاسی دکانداری ڈیڑھ سال سے ایک حکم امتناعی پر چل رہی ہے، وہ ملک کے واحد سیاستدان ہیں جن کی دو دو ڈگریوں کو متعلقہ اداروں نے جعلی قرار دیا۔ سرور خان کا انیس سو اٹھہتر سے ٹیکس دہندہ چودھری نثار سے وسائل کا پوچھنا حیران کن ہے۔ کاش وہ خود بھی اپنے اور اپنے اہلخانہ کی ٹیکس ادائیگیوں کی تفصیلات ریکارڈ پر لائیں۔