لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نواز شریف اور ان کی فیملی کے دیگر افراد کو سنائی جانے والی سزا پر جے آئی ٹی، نیب پراسیکیوٹر اور احتساب عدالت کے جج کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نواز شریف اور ان کی فیملی کے دیگر افراد کو سنائی جانے والی سزا پر کہا کہ جرم کے مقابلے میں سزا تھوڑی ہے تاہم خوشی ہے کہ پاکستان میں طاقتور لوگوں کو بھی سزا ملنے کا عمل شروع ہوا، جے آئی ٹی، نیب پراسیکیوٹر اور احتساب عدالت کے جج مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور مریم نواز کی سزا پر کارکنوں نے جشن منایا۔ اعلان ہوتے ہی عوامی تحریک کا مرکزی سیکرٹریٹ نعروں سے گونج اٹھا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ لندن کی جائیدادوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کی جائیدادیں بھی قرق ہونی چاہیں کیونکہ لندن کی جائیدادیں ایک طویل پراسیس کے بعد قرق ہونگی اور جتنا جرمانہ کیا گیا ہے، اس سے زیادہ وکلا کو فیسیں دینا پڑیں گی، بہتر ہے کہ لاہور سمیت پاکستان بھر میں شریف خاندان کی رہائشی، زرعی اور کاروباری اثاثے قرق کیے جائیں اور انہیں بیچ کر لندن فلیٹس کو قرق کروانے کا مقدمہ لڑا جائے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ سرکس کے شیر کو فیصلے کا علم تھا اس لیے بھاگ گیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا کہ شہباز شریف کی طرف سے عدالت کے فیصلے کو مسترد کرنا قابل مذمت ہے۔ شہباز شریف کو عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ اگلی باری قاتل اعلیٰ پنجاب کی ہے۔ فواد حسن فواد سلطانی گواہ بن رہے ہیں اور کرپشن پر شہباز شریف اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جیل میں ہونگے۔