اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری، نیب نے وارنٹ گرفتاری احتساب عدالت سے حاصل کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ مجرموں کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ نیب کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس 1999 کے تحت آمدن سے زائد اثاثے بنانا بھی کرپشن ہے۔ یہ تاثر درست نہیں کہ مجرمان کو ایون فیلڈ ریفرنس میں کرپشن کے الزامات سے بری کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
نیب کی تفتیشی ٹیم کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے مانسہرہ روانہ ہوگئی، نیب کی ٹیم نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے لیے خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرم کی گرفتاری میں مدد دی جائے۔ ادھر کیپٹن صفدر گرفتاری دینے کے لیے تیار ہیں اور نواز شریف کے گرین سگنل کا انتظار کر رہے ہیں جبکہ وزارت داخلہ نے پہلے مرحلے میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا ہے، جس کا مقصد انہیں گرفتاری دینے کا ایک موقع فراہم کرنا ہے، اگر وہ گرفتاری نہیں دیتے تو دوسرے مرحلے میں ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیلیں تیار کرلیں ہیں۔ ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کو پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے وکالت ناموں پر دستخط کر دیئے۔ وکلاء نے مشورہ دیا ہے کہ 10 دن میں اگر پاکستان واپس نہ آئے تو ریلیف ملنا مشکل ہے۔