العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا ٹرائل اوپن اور فیئر ہوگا، وزیرِ اطلاعات

Last Updated On 16 July,2018 11:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِ اطلاعات ونشریات سید علی ظفر نے کہا ہے کہ نواز شریف کیخلاف مقدمہ جیل میں نہیں چلے گا، صرف ایک سماعت جیل میں ہو گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سید علی ظفر نے بتایا کہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کیخلاف مقدمہ جیل میں نہیں چلے گا تاہم صرف سیکیورٹی کی وجہ سے صرف ایک سماعت جیل میں ہی ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر وقتی طور پر ایسا کرنا پڑا، ایک سماعت جیل میں ہونے پر مسئلہ نہیں ہو گا، حالات نارمل ہونے پر کیس واپس عدالت میں ہی چلے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا ٹرائل اوپن، فیئر اور سیکشن 16 کے تحت ہو گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سید علی ظفر کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو جیل مینوئل کے مطابق سہولت ملنی چاہیں، تاہم اگر سہولیات نہیں مل رہی تو ہم تحقیقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے ماتحت ہے، مجھے حقائق کا علم نہیں ہے۔

نگران وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) آزادی کیساتھ اپنا کام کر رہا ہے، اب حکومت پر کوئی چینل کو کنٹرول کرنے کا الزام نہیں لگا سکتا۔