دی ہیگ: (دنیا نیوز) بھارتی دہشتگرد کلبھوشن سنگھ یادیو کے معاملے پر پاکستان نے عالمی عدالتِ انصاف میں اپنا جواب جمع کرا دیا ہے جس میں مودی سرکار کے تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی دہشتگرد کلبھوشن سنگھ کے معاملے میں یہ پاکستان کی جانب سے جواب الجواب میں پہلا جواب ہے تاہم عالمی عدالت میں جمع جوابات میں مجموعی طور پر دوسرا جواب ہے جسے ڈائریکٹر انڈیا کے عہدے پر فائز ڈاکٹر فاریحہ بگٹی نے جمع کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی عدالت میں بھارتی دہشتگرد کلبھوشن کا مقدمہ، پاکستان کا جواب تیار
پاکستان کی جانب سے جواب میں بھارتی سوالات پر تفصیل سے جواب دیا گیا ہے۔ پاکستان نے اپنے جواب میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جوابات دیے ہیں۔
پاکستانی جواب 400 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ اس سے پہلے پاکستان نے بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس میں اپنا جواب 13 دسمبر 2017ء کو جمع کرایا تھا۔ پاکستانی جواب اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے مرتب کیا ہے۔