اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسمبلیوں میں حلف نہ اٹھانے کی ایم ایم اے کی تجویز کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی شوریٰ کا اجلاس طلب کرلیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے درمیان آج اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے تناظر میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے شوریٰ کا اجلاس طلب کرلیا۔
شہباز شریف اور خورشید شاہ کی ملاقات میں متحدہ مجلس عمل کی آل پارٹیز کانفرنس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں میں حلف نہ اٹھانے کی تجویز پر غوروفکر کیا جائے گا۔ تاہم پیپلز پارٹی پارلمنٹ سے باہر احتجاج کی بجائے اسمبلی کے اندد تمام معاملات طے کرنے کا اصولی موقف اپنائے ہوئے ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے آل پارٹیز کانفرنس میں حلف نہ اٹھانے کی پرزور حمایت کی تھی تاہم ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے متوقع طور پر ان کا ساتھ نہ دینے کے حوالے سے لائحہ عمل اختیار کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں جے یو آئی کی مجلس شوریٰ کا اجلاس بھی اسلام آباد میں ہورہا ہے۔ جس میں الیکشن کی بعد کی صورتحال کا جائزہ، اے پی سی کے فیصلوں پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔