اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاق میں حکومت سازی اور جوڑ توڑ کے حوالے سے تحریک انصاف اور بلوچستان نیشل پارٹی مینگل گروپ کے درمیان پیش رفت ہوئی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بی این پی کے 6 نکات پر اتفاق کر لیا۔
تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جلد پی ٹی آئی اور بلوچستان نیشل پارٹی مینگل گروپ میں معاملات طے ہونے کا امکان ہے، عمران خان کو سردار اختر مینگل کے مطالباتی نکات بارے بریف کر دیا ہے اور عمران خان نے ان 6 نکات پر اتفاق کرتے ہوئے ان پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
شاہ محمود قریشی کاکہنا ہے کہ جلد عمران خان اور سردار اختر مینگل کے درمیان ملاقات ہوگی، دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں بات چیت ہوگئی ہے۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی سے بھی بات چیت جاری ہے۔