مراد علی شاہ کو دوبارہ وزیراعلیٰ سندھ بنانے کا فیصلہ

Last Updated On 12 August,2018 09:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں اہم فیصلے، مراد علی شاہ کو دوبارہ وزیراعلیٰ سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ سندھ میں حکومت سازی کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے اپنے پتے شو کر دیے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو دوبارہ وزیراعلی سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آغا سراج درانی کو اسپیکر صوبائی اسمبلی جبکہ ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کیلئے نامزد کیا گیا۔ ہمیر سنگھ کی مخالفت کے باوجود گزشتہ دور حکومت میں محکمہ انسانی حقوق کی مشیر رہنے والی ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کےعہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ جیالے رہنماء ناصر حسین شاہ کہتے ہیں کہ حکومت سازی کے معاملے پر ایم کیو ایم سے بھی رابطہ کریں گے۔ بس وہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگانا چھوڑ دیں۔

دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں نے بھی کمر کس لی ہے، پیر کو مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔ تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے نو منتخب ارکان سندھ اسمبلی اجلاس میں آئندہ حکمت عملی مرتب کریں گے۔