کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے نامزد گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس کے قریب بنی غیر قانونی دیواریں گرا کر دم لیں گے۔ گورنر ہاؤس کراچی کی دیواریں گرا اور اسے پبلک پارک بنا کر مثال قائم کروں گا۔
پی ٹی آئی کے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پہنچے اور رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں جانب سے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو باضابطہ وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے، دونوں جماعتوں نے متفقہ طور پر کراچی کی ترقی کے لیے نکات بنائے ہیں، وفاقی حکومت سے ان پر عمل کراؤں گا۔
نامزد گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نہ صرف بلاول ہاؤس کے اطراف تعمیر غیر قانونی دیواریں گرائیں گے بلکہ گورنر ہاؤس کراچی کی دیواریں گرا کر بھی مثال قائم کروں گا۔
اس موقع پر رہنما ایم کیو ایم عامر خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے۔