کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بیان پر پیپلز پارٹی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران اسماعیل گورنر بننے جا رہے ہیں، گورنرجنرل نہیں، بلاول ہاؤس کے اطراف دیواریں عدالتی حکم پر تعمیر کی گئیں۔
عمران اسماعیل کے بیان پر پیپلز پارٹی کے رہنما سیخ پا ہو گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی رہنما گورنر کے بجائے شہنشاہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تحریکِ انصاف کی جانب سے لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، دیواریں گرانے والوں کی پگڑیاں بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔
سعید غنی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کا یہی طرزِ عمل جاری رہا تو وفاقی اکائیوں میں خلیج پیدا ہو سکتی ہے جبکہ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول ہاؤس کے اطراف کوئی غیر قانونی تعمیرات موجود نہیں، اطراف کی دیواریں عدالتی حکم پر تعمیر کی گئی ہے۔