کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی کا مرحلہ آ گیا۔ آغاسراج درانی نے سپیکر اور ریحانہ لغاری نے ڈپٹی سپیکر کیلیے فارم حاصل کرلئے۔
سندھ اسمبلی کے اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد اب مرحلہ ہے سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی نے سپیکر اور ریحانہ لغاری نے ڈپٹی سپیکر کے فارم حاصل کرلیے جبکہ تحریک انصاف کی رابعہ اصفر نظامی نے بھی ڈپٹی سپیکر کیلئے فارم حاصل کرلیا۔ ایم کیو ایم کے جاوید حنیف نے سپیکر سندھ اسمبلی کیلیے فارم حاصل کیا۔
دوسری جانب سندھ میں اپوزیشن بھی وزیراعلی کیلئے میدان میں کود پڑی۔ اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ وزیراعلی لانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شہریارمہر کو وزیراعلی کا امیدوار نامزد کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے)کے شہریارمہر کی حمایت کرے گی۔