اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ 3 بار منتخب ہونے والے وزیراعظم سے درست سلوک نہیں ہوا، جیسا سلوک نواز شریف سے کیا گیا، کسی دہشتگرد سے بھی نہیں کیا جاتا۔ کراچی سے چترال تک قوم نوازشریف کیساتھ اور سراپا احتجاج ہے۔
سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر احتجاج کرتے ہوئے ن لیگی صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لیگی ارکان نوازشریف سے ملاقات کے لیے آئے، انھوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ کراچی سے چترال تک قوم نوازشریف کے ساتھ اور سراپا احتجاج ہے۔ نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا لیکن جیسا سلوک نوازشریف کیساتھ ہوا ایسا کسی دہشتگرد سے بھی نہیں کیا جاتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 3 بارمنتخب وزیراعظم سے درست سلوک نہیں ہوا۔
بعدازاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے سیاہ پٹیاں باندھی ہیں، اسمبلی کےاندراورباہراحتجاج کریں گے۔ استغاثہ نوازشریف اور مریم نواز کیخلاف کرپشن کا ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ انتخابات میں دھاندلی کے سوالوں کاجواب لے کر رہیں گے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اتحاد کو 2 ہفتے ہوئے ہیں، ن لیگ سپیکر کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دے گی، بطوراتحادی تمام فیصلوں کی پاسداری کریں گے، نوازشریف سے ملاقات ہوئی، انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنےکی ہدایت کی ہے۔