قومی اسمبلی میں ن لیگ کی ہنگامہ آرائی، ووٹ کو عزت دو کے نعرے

Last Updated On 15 August,2018 06:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں ن لیگ کے اراکین نے ہنگامہ آرائی کی اور نواز شریف کے پوسٹر اٹھا کر ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے، صورتحال کے پیشِ نظر اسد قیصر نے اجلاس پندرہ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔

قومی اسمبلی میں سردار ایاز صادق نے نئے سپیکر اسد قیصر کی کامیابی کا اعلان کیا تو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے احتجاج شروع ہو گیا۔ نواز شریف کی تصاویر اٹھائے (ن) لیگی اراکین سپیکر کے ڈائس کے سامنے آ کر ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’جعلی مینڈیٹ نا منظور‘ کے نعرے لگانے لگے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ثنا اللہ، شیزہ فاطمہ اور مریم اورنگزیب احتجاج میں پیش تھیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے نعروں ہی کی گونج میں سپیکر نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔

صورتحال کے پشیِ نظر سپیکر نے ایوان کی کارروائی کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دیا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان میں لاتعلق ہو کر بیٹھے رہے۔