کرپٹ افراد قبول نہیں، عوامی مینڈیٹ پر پورا اترنا ہے: وزیراعظم

Last Updated On 20 August,2018 03:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عمران خان نے تمام وزراء کو ٹاسک دے دیئے۔ عمران خان کا کہنا ہے وزراء اپنی اپنی وزراتوں میں گڈ گورننس اور میرٹ کا نظام اپنائیں، عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، اس پر پورا اترنا ہے، کرپٹ اور نااہل افراد کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام وزارتوں کی خود بھی نگرانی کروں گا۔

ادھر وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں لوٹی دولت واپس لانے کیلئے ٹاسک فورس قائم کر دی گئی، بیرسٹر شہزاد اکبر کنوینر مقرر، 2 ہفتوں میں لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر کو ٹاسک فورس کا کنونیئر مقرر کیا گیا، بیرون ممالک سے رقوم واپسی کیلئے ٹاسک فورم کو دو ہفتوں میں لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ٹاسک فورس 2 ہفتوں میں تمام وزارتوں سے منی لانڈرنگ کے کیسز کی تفصیلات اکٹھی کرے گی، ٹاسک فورس دیگر ممالک سے رقوم واپس لانے کیلئے معاہدوں کا بھی جائزہ لے گی۔