اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اسلام آباد میں گھر کی تلاش شروع کر دی، اس سلسلہ میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور بیرسٹر دانیال چوہدری کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقہ میں کرایہ پر گھر تلاش کریں۔
رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی اسلام آباد میں ڈیرے لگانے کیلئے گھر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، بیرسٹر دانیال نے سیکٹر G/6، ایمبیسی روڈ پر دو تین کشادہ اور بڑے گھر دیکھے ہیں، عید کے بعد شہباز شریف اسلام آباد آئیں گے اور گھر کا انتخاب کریں گے، اس دوران مزید گھر بھی دیکھے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق قائد (ن) لیگ نوازشریف کی ہدایات پر پارٹی صدر شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے اندر و باہر شدید احتجاج اور جارحانہ سیاست کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کیلئے ان کا زیادہ وقت اسلام آباد میں گزرے گا جس کیلئے انہیں رہائش گاہ اور دفتر درکار ہو گا، رہائش کے ایک حصہ میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا دفتر ہو گا، سیاسی سرگرمیوں، میٹنگز کیلئے بڑا ہال بھی ہو گا۔