وکیل کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے سامنے خودسوزی کی کوشش

Last Updated On 25 August,2018 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیو) انصاف کے متلاشی وکیل کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے سامنے پٹرول چھڑک کرخودسوزی کی کوشش، پولیس اہلکاروں نے وکیل کو حراست میں لے لیا۔

محمد بلال نامی وکیل کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے سامنے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے خود سوزی کی کوشش ناکام بنا دی، نوجوان کو گرفتار کر کے تھانہ پرانی انار کلی منتقل کردیا گیا۔

گرفتار نوجوان کا کہنا ہے کہ اس نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیا، میرٹ پر ہونے کے باوجود اسے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نہیں لگایا گیا، چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر خود سوزی کی کوشش کی۔